تلنگانہ اردو اکیڈیمی : ادیبوں شاعروں اور صحافیوں کی ڈائرکٹری
صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی جناب محمد رحیم الدین انصاری نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے اشاعت پذیر ادیبوں، شاعروں اور صحافیوں کی ڈائرکٹری کا کام آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جن فنکاروں نے اپنے امور حیات (بائیو ڈاٹا) ابھی تک روانہ نہیں کیے ہیں، 15/فروری 2020 تک بنام ڈائرکٹر/سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی، چوتھی منزل حج ہاؤز نامپلی، حیدرآباد روانہ کر دیں تاکہ ان کے نام ڈائرکٹری میں شامل ہو سکیں۔
صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے اس سلسلہ میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ڈائرکٹری کے لیے روانہ کردہ بائیو ڈاٹا مختصر ہونا چاہیے۔ جس میں اپنا اصل نام، قلمی نام، تخلص، ولدیت، تاریخ و سنہ پیدائش، مقام پیدائش، تعلیم و سنہ کامیابی، ملازمت/پیشہ، مصروفیات، علمی و ادبی اداروں سے وابستگی، تصانیف کے نام و سنہ اشاعت، اعزازات و انعامات، بیرونی ملک کا سفر، رہائشی پتہ، فون و سیل نمبر ضرور درج کریں۔