مختصر مدتی آن لائن اردو بنیادی کورس - اردو اکیڈیمی پر داخلوں کا خصوصی کاؤنٹر

عالمی یوم مادری زبان 21/فروری کے ضمن میں اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام حج ہاؤز حیدرآباد میں 23/فروری تا 2/مارچ "مختصر مدتی آن لائن اردو بنیادی کورس" میں داخلوں کا خصوصی کاؤنٹر

عالمی یوم مادری زبان 21/فروری کے ضمن میں تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام صدرنشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری کی ہدایت پر اردو سے ناواقف افراد کو اردو سکھانے گراؤنڈ فلور حج ہاؤز نامپلی پر "مختصر مدتی آن لائن اردو بنیادی کورس" میں داخلوں کا خصوصی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے۔ اس کاؤنٹر کا افتتاحی پروگرام جناب ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر/سکریٹری اردو اکیڈیمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اس تقریب سے خطاب کر تے ہوئے جناب ڈاکٹر محمد غوث نے کہا کہ اردو زبان جو ہماری تہذیبی ورثہ ہے اس سے نئی نسل کو واقف کروانے تقریباً چھ ماہ قبل آن لائن اردو بنیادی کورس شروع کیا گیا تھا۔ یہ کورس پہلے آف لائن کے لئے تیار کیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس کے نازک حالات کے پیش نظر اس کورس کو آن لائن کر دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ایک زندہ اور سنجیدہ قوم ہیں، اور زندہ قومیں اپنی زبان، اپنی تہذیب اور ثقافت کی حفاظت کرتی ہیں۔
ڈائرکٹر /سکریٹری اردو اکیڈیمی نے انتہائی جذباتی انداز میں کہا کہ اردو اکیڈیمی کا ملازم ہونے کی حیثیت سے میرا فرض بنتا ہے کہ میں حتی المقدور اردو زبان کی خدمت کروں اور اس کی حفاظت کروں۔ اردو اکیڈیمی کے یہ اقدامات اسی کوشش کا حصہ ہیں۔ آج کے منظر نامہ میں بگڑتی ہوئی لسانی صورتحال کو مدنظر رکھ کر یہ کورس تیار کیا گیا ہے، جس کے بہت اچھے نتائج ظاہر ہو رہے ہیں۔ حج ہاؤز کے گراؤنڈ فلور پر اس کورس میں داخلوں کا کاؤنٹر 23/فروری تا 2/مارچ 2021 ایک ہفتہ کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ اردوو سیکھنے والے افراد اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

سینئر صحافی جناب عبد الرحیم نے اپنی تقریر میں عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر اردو زبان کی ترقی و ترویج اور اردو سے ناواقف افراد کو اردو سکھانے ا ور دوسری اسکیمات کی عمل آوری پر تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی ستائش کی اور اردو کے فروغ کی جدوجہد میں تمام محبان اردو کو ساتھ دینے کی درخواست کی۔
اس تقریب کو جناب اسمعیل الرب انصاری (اردو انصاری) نے بھی مخاطب کیا اور اردو کو زندہ رکھنے اور اس کی حفاظت کے سلسلہ میں شروع کردہ کورسز اور دیگر جاری پروگراموں کے لئے اردواکیڈیمی کی کوششوں کو سراہا۔
اس تقریب کوممتاز شاعر جناب سردار سلیم، انجمن ترقی اردو اکیڈیمی کے معتمد جناب الیاس طاہر، ڈاکٹر احتشام الدین خرم، جناب محمد انور علی خان اور جناب تمیز الدین نے مخاطب کیا۔جناب محمد محبوب ریسرچ اسکالر نے شکریہ ادا کیا اور پیرزادہ سید شاہ تنویر عالم قادری الموسوی کے دعائیہ کلمات پر اس محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
محمد ارشد مبین زبیری انچارج ماہنامہ قومی زبان نے اس تقریب کی کارروائی چلائی۔

پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ کورس میں داخلوں کے سلسلہ میں مزید معلومات کے لئے جناب محمد انور علی خان اور جناب محمد رفیع سے درج ذیل فون نمبرات پر ربط پیدا کیا جا سکتا ہے:
محمد انور علی خان: 9550588120
محمد رفیع: 9700117738

تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کو لائک/فالو/شئر کیجیے: