اردو اکیڈیمی اور مانو کے اشتراک سے اردو اسکول ٹیچرس کی پانچ روزہ آن لائن تربیتی کلاسس
صدرنشین تلنگانہ ریاستی اُردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صاحب نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ تلنگانہ ریاستی اُردو اکیڈیمی اور مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے اشتراک سے ماہ اکتوبر 2020ء میں ریاست تلنگانہ کے اردو اسکول ٹیچرس کی پانچ روزہ آن لائن تربیتی کلاسس منعقد کی جا رہی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی کلاسس ریاست کے ریاضی ، طبیعیات ، حیاتیات اور سماجی علوم کی اردو میں تدریس انجام دینے والے سرکاری اساتذہ کے لئے رکھی جا رہی ہیں ۔
صدرنشین اُردو اکیڈیمی نے بتایا کہ یہ پروگرام پہلے شخصی حاضری کی بنیاد پر رکھا جا رہا تھا لیکن کووڈ۔19 کی موجودہ ہنگامی صورتحال کی وجہ سے انہیں آن لائن کلاسس میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔
ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ اس پروگرام سے اردو اساتذہ کی فنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ ملے گا اور اس سے طلباء کی تعلیمی لیاقتوں اور صلاحیتوں میں قابل قدر اضافہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے لئے مرکز ی اور ریاستی یونیورسٹیز کے لائق پروفیسر صاحبان اور ماہرین تعلیم کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔
صدرنشین تلنگانہ ریاستی اُردو اکیڈیمی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس سے ریاست کے تمام سرکاری اردو اساتذہ کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے اساتذہ کو کمشنر و ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن سے "آن ڈیوٹی" آرڈر کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری نے کہا کہ اساتذہ کی تفصیلات کی وصولی کے ساتھ ہی آن لائن تربیتی کلاسس کے رجسٹریشن کے لئے متعاقب اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ بیان کے آخر میں انہوں نے اردو میڈیم کے تمام اساتذہ سے اس منفرد آن لائن پروگرام سے استفادہ کی خواہش کی ہے ۔
مزید تفصیلات کے لئے اردو اکیڈیمی کے فون نمبر:
040-23237810
اور CPDUMT مانو کے فون نمبر:
040-23008443
پر ربط کیا جا سکتا ہے۔