تلنگانہ کے اردو شاعروں، ادیبوں، صحافیوں اور مصنفین کی ڈائرکٹری کا اجرا

تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے اردو شاعروں، ادیبوں، صحافیوں اور مصنفین کی ڈائرکٹری کی جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدر نشین اردو اکیڈیمی کے ہاتھوں رسم اجراء

تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے اردو شعراء ، ادیبوں ، مصنفین اور صحافیوں کی ڈائرکٹری کی آج سہ پہر منگل 8/دسمبر 2020 جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری، صدر نشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے ہاتھوں رسم اجراء عمل میں آئی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب محمد رحیم الدین انصاری نے کہا کہ یہ امر مسلمہ ہے کہ اس دنیا میں مختلف شعبہ جات میں کئی فن کار ایسے ہوتے ہیں جو اپنے فن میں یگانہ ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی پہچان نہیں ہو پاتی۔ بعض شعبوں میں کئی ماہرین گوشہ گمنامی میں ہوتے ہیں۔ ایسے باکمال اصحاب فن کو بھی متعارف کیا جانا، ان کے کوائف کے بارے میں معلومات فراہم کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان سے رابطہ کا ذریعہ ، ان کی رہائش کا پتہ بھی معلوم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسی غرض و غایت کی خاطر تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے ریاست تلنگانہ کے اردو زبان و ادب کے خدمت گذاروں کے کوائف کو جمع کرنے اور ان کو عوام سے متعارف کروانے کا ارادہ کیا، چنانچہ اس سلسلہ میں ذمہ داران اکیڈیمی نے ریاست تلنگانہ کے اردو مصنفین ، شعرائے کرام، ادبا، اساتذہ کرام ، صحافیوں اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے سلسلہ میں کام کرنے والے اصحاب کی تخلیقات اور ان کی بے لوث خدمات کی عوام تک رسائی کے لئے کافی محنت کے بعد تقریباً 635 اصحاب کے کوائف مع ان کے پتوں ، ٹیلی فون نمبر اور ای میل آئی-ڈیز جمع کئے اور انہیں کتابی شکل دی ہے۔ مجھے بڑی مسرت ہے کہ آج اس ڈائرکٹری کی رسم اجراء انجام پا رہی ہے۔ انہوں نے ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد غوث اور اکیڈیمی کے ان تمام عہدیداران و ارکان عملہ کو اس ڈائرکٹری کی اشاعت پر مبارک باد دی۔

ڈائرکٹر /سکریٹری ڈاکٹر محمد غوث نے اپنی تقریر میں کہا کہ میرا ایقان ہے کہ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے شائع شدہ ڈائرکٹری ایک جامع دستاویز کی شکل اختیار کرے گی اور یہ ڈائرکٹری طلبہ ، اساتذہ اور ریسرچ اسکالرس کے لئے سود مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صدر نشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صاحب نے باوجود ناسازئ مزاج کے، اس تقریب میں شرکت کی اور ان کے ہاتھوں اس اہم کتاب کی رسم اجراء عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے ڈائرکٹری کی تیاری میں معاون اردو اکیڈیمی کے عہدیداران و ارکان عملہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت کی وجہ سے اس ضخیم اور معیاری ڈائرکٹری کو تکمیل کو پہنچایا جا سکا اور آج یہ ایک دستاویز کی شکل میں شائع ہو سکی ہے۔

تقریب کی ابتدا میں جناب سردار سلیم نے تعارفی کلمات پیش کئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر محمد احتشام الدین خرم نے جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدر نشین اردو اکیڈیمی، ڈائرکٹر/سکریٹری ڈاکٹر محمد غوث ، عہدیداران و ارکان عملہ، تمام شرکاء، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کا شکریہ ادا کیا اور صدرنشین اردو اکیڈیمی کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔
محمد ارشد مبین زبیری نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس تقریب میں سپرنٹنڈنٹ اردو اکیڈیمی مسٹر وی کرشنا، اکاونٹنٹ عطا اللہ خان، احمد بن اسحاق، محمد جنید اللہ بیگ، رجب علی پاشا، اطہر خان، محمد رفیع ،اختر حسین و دیگر ارکان عملہ موجود تھے۔

تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کو لائک/فالو/شئر کیجیے: