تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے منعقدہ تحریری مقابلے
تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے آج صبح انوار العلوم کالج ملے پلی میں یوم اردو اور یوم قومی تعلیم کے ضمن میں
ہائی اسکول، جونیر و ڈگری کالج اور یونیورسٹی و ریسرچ اسکالر گروپ کے تحریری مقابلوں کا انعقاد
تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کے زیر اہتمام علامہ اقبال کے یوم پیدائش "یوم اردو" اور مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش " قومی یوم تعلیم "کے ضمن میں ہائی اسکول ،جونیر و ڈگری کالج اور یونیورسٹی طلبہ و ریسرچ اسکالرس کے لیے ریاستی سطح کے تحریری مقابلے آج صبح 10بجے انوارالعلوم کالج ملے پلی حیدرآباد میں منعقد ہوئے جس میں تینوں گروپس کے تقریباً آٹھ سو (800) طلبا و طالبات نے شرکت کی۔
ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر/سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی نے اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
ہائی اسکول طلبہ کے لیے " علامہ اقبال کا پیغام بچوں کے نام"
جونیر و ڈگری کالج طلبہ کے لیے " مولانا ابوالکلام آزاد کا ملک و قوم کی تعمیر میں حصہ "
اور یونیورسٹی و کالج ریسرچ اسکالرس کے لیے عنوان" اردو زبان کی ترقی و ترویج مسائل اور امکانات"
عنوانات دیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کا باعث بنیں گے، اس کے علاوہ اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کے اندر ہمارے اسلاف کے کارناموں ، مجاہدین آزادی کی قربانیوں اور اپنے تمدن کے بارے میں آگاہ کرانا بھی ہے۔
ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر/سکریٹری نے بتایا کہ ان مقابلو ں کے نتائج کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا اور کامیاب طلبہ کو 11 / نومبر کوعالمی یوم اردو اور قومی یوم تعلیم کے ضمن میں منعقد شدنی ادبی اجلاس میں انعامات سے سرفراز کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ان تحریری مقابلوں کے کامیاب انصرام اورتیاریوں کے لئے ماہرین پر مشتمل کنوینرس مقرر کئے گئے تھے جن میں ڈاکٹر محمد ناظم علی، محمد مصطفی علی سروری، ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی،ڈاکٹر محمد عبدالقدوس، ڈاکٹر جہانگیر احساس اور ڈاکٹر حبیب اما م قادری شامل ہیں۔
ڈائرکٹر /سکریٹری اردواکیڈیمی ڈاکٹر محمد غوث نے ان تمام کنوینرس اور ممتحنین کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے ان مقابلوں کے انوارالعلوم کالج میں انعقاد کی اجازت عطا کرنے پر کالج انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اردواکیڈیمی کے عہدیداران و اراکین مسٹر وی کرشنا سپرنٹنڈنٹ، عطا اللہ خان اکاؤنٹنٹ، شیخ اسمعیل سینئر اسٹینو، محمد ارشد مبین زبیری ، ڈاکٹر احتشام الدین خرم، یوسف خان لائبریرین، اختر حسین، محمد جنید اللہ بیگ، انورعلی خان،محمد اسمعیل جاوید، محمد رفیع، ذاکر حسین، فضل الرحمن، محمد ابراہیم، محمد معین، رمنا بائی و دیگر ارکان عملہ نے ان مقابلوں کے انتظامات میں حصہ لیا۔