مختصر مدتی آن لائن اردو بنیادی کورس - تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے آغاز

تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام غیر اردو داں افراد کو اردو سِکھانے ایک منفرد مختصر مدتی آن لائن کورس شروع کیا گیا ہے۔ یہ کورس انتہائی کم فیس پر بین الاقوامی معیار کے مطابق فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس کورس کا آغاز آج 6/نومبر 2020 بروز جمعہ سہ پہر جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدر نشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
صدرنشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو جو کہ ہندوستانی زبان ہے اور مختلف زبانوں کا مجموعہ ہے ، اس لئے اس زبان میں گنگاجمنی تہذیب، چاشنی اور شائستگی پائی جاتی ہے ، یہ ایک آسان اور سب کے سمجھ میں آنے والی اور آسانی سے سیکھی جانے والی زبان ہے۔ یہ ہندوستان کی مشترکہ تہذیب و ثقافت کی علمبردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنی مادری زبان کی حفاظت ، ترقی و ترویج کے لئے خاص و عام ہر فرد کو آگے آنا چاہیے۔ حکومت تلنگانہ نے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے اور کافی مراعات بھی دی ہیں ، ہمیں ان مراعات سے استفادہ کرنا چاہیے۔
صدرنشین اردو اکیڈیمی نے کہا کہ یہ بات بہت خوش آئند ہے کہ اردو اکیڈیمی نے اردو سے ناواقف افراد کے لئے ایک انتہائی سہل کورس عوام کے سامنے پیش کیا ہے جس کا آج آغاز ہوا ہے ، تمام اردو سیکھنے کے خواہش مند افراد سے خواہش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس کورس میں داخلہ کے لئے رجسٹریشن کروائیں اور اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے اردو انجمنوں ، اردو تنظیموں ، اردو اساتذہ ، این جی اوز اور بہی خواہان و محبان اردو سے گذارش کی ہے کہ وہ اس کورس کے رجسٹریشن کے لئے لوگوں کو ترغیب دلائیں۔
ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدرنشین اردواکیڈیمی نے اس کورس کے ڈیزائنراور ڈیویلوپرجناب سید مکرم نیاز انجینئر، ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر /سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی، پروفیسر سید فضل اللہ مکرم صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباداور ٹیکنیکل اسٹاف ، اردواکیڈیمی کے معاون اسٹاف کو اس معیاری کورس کی تیاری پر مبارکباد دی۔

ڈائرکٹر / سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد غوث نے اپنے تعارفی کلمات میں اس کورس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اردو اپنی لسانی خوبیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر مقبول ہے ، برصغیر کے علاوہ چین و عرب، جاپان، جرمنی، امریکہ و یوروپ ہر جگہ اس زبان کے چرچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی نے غیر اردو داں افراد کو اردو زبان سکھانے جو کورس ڈیزائن کروایا ہے اس میں حروف تہجی کے امیجس، الفاظ کو سکھانے کا نصاب ترتیب دیا گیا ہے اور اس کے علاوہ اس میں اسباق کی ویڈیو اورآڈیو کے ذریعہ مشق بھی کروائی جائے گی۔
ڈائرکٹر/سکریٹری نے کہا کہ یہ کورس انتہا ئی سہل ہے اور اسے کسی بھی زبان سے تعلق رکھنے والے آسانی سے سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کورس سے نہ صرف ریاست بلکہ بیرون ریاست اور بیرون ملک کے افراد بھی اپنا رجسٹریشن کروائیں گے۔ ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر /سکریٹری نے کہا کہ خواہش مند افراد کورس کی ویب سائٹ
https://ecourse.urduacademyts.com
پر اپنے نام رجسٹر کروا سکتے ہیں۔

جناب سید مکرم نیاز ڈیولپرویب سائٹ نے اپنی تقریر میں اس کورس کی ویب سائٹ کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ اس کورس میں داخلہ فیس کی ادائی قومی وبین الاقوامی کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ کے ذریعہ بآسانی ممکن ہے۔ کامیاب ادائی پر داخلہ فیس کا تصدیق نامہ اور کورس میں داخلے کا یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ صارف کے ای۔میل میں وصول ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کورس کی مدت دو ہفتے کی ہے اور کورس کی کامیاب تکمیل پر امیدوار کو تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جو کورس کی ویب سائٹ پر پی ڈی ایف فائل کی شکل میں دستیاب ہو جائے گا۔

اس تقریب کے مہمان پروفیسر سید فضل اللہ مکرم نے اس کورس کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ اس کورس سے اردو زبان سے ناواقف افراد مختصر عرصہ میں بہتر انداز میں اور آسانی سے اردو زبان سیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور اردو کے کاز کے لئے کام کرنے والوں سے گذارش کی کہ وہ اردو سیکھنے والے افراد کو اس جانب راغب کریں۔
جناب محمد احمد اللہ قریشی نے اس منفرد کورس کے آغاز پر ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدرنشین اردو اکیڈیمی ، ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر/سکریٹری اور ڈیولپر کورس جناب سید مکرم نیاز اور مہمان پروفیسر سید فضل اللہ مکرم و اردو اکیڈیمی کے ارکان عملہ کو مبارکباد پیش کی اور سب کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر مسٹر وی۔ کرشناسپرنٹنڈنٹ اردواکیڈیمی ، عہدیداران و ارکان عملہ ڈاکٹر محمد احتشام الدین خرم، محمد ارشد مبین زبیری، احمد بن اسحاق، محمد جنید اللہ بیگ، رجب علی پاشا، محمد رفیع، سردار سلیم و دیگر ارکان عملہ موجود تھے۔

تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کو لائک/فالو/شئر کیجیے: