جناب خواجہ مجیب الدین نے صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا جائزہ حاصل کیا
تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے صدرنشین کی حیثیت سے خواجہ مجیب الدین نے
ریاستی وزرا کی موجودگی میں اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا
شفافیت کے ساتھ ریاست میں اردو کی ترقی و ترویج کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کا عزم
جناب محمدخواجہ مجیب الدین نے آج 21 جوائی کو بحیثیت صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔
اردو اکیڈیمی کے دفتر واقع حج ہاؤز حیدرآباد میں اس موقع پرمنعقدہ تقریب میں ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کوپولا ایشور،ریاستی وزیرداخلہ جناب محمدمحمودعلی، ریاستی وزیر تلسانی سرینواس یادو،رکن قانون ساز کونسل محترمہ کلواکنٹلہ کویتا،رکن اسمبلی کاماریڈی گمپاگووردھن کے علاوہ ٹی آریس قائدین اور اردو اکیڈیمی کے عہدیداران موجود تھے۔
یاد رہےکہ صدرنشین اردو اکیڈیمی مولانا رحیم الدین انصاری کے عہدہ کی معیاد کے اختتام کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔اور جاریہ ماہ وزیراعلیٰ کے۔چندرا شیکھر راؤ نے جناب خواجہ مجیب الدین کو بحیثیت صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نامزد کیا تھا۔
آج جناب محمدخواجہ مجیب الدین کی جانب سے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنےکے بعد ریاستی وزیر اقلیتی بہبود کوپولاایشور،ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمودعلی،یاستی وزیرسینما آٹوگرافی،انیمل ہسبنڈری و فشریز تلسانی سرینواس یادو،رکن قانون ساز کونسل محترمہ کلواکنٹلہ کویتا،رکن اسمبلی کاماریڈی گمپاگووردھن نے صدرنشین اردو اکیڈیمی جناب خواجہ مجیب الدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اور تیقن دیا کہ ریاست میں اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لیے ہمیشہ ان کا تعاون حاصل رہے گا۔
اس موقع پر نومنتخب صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی جناب خواجہ مجیب الدین جن کا تعلق کاماریڈی سے ہے نے اس باوقار عہدہ پر ان کے تقرر پر وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ سے اظہارتشکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست میں ہرسطح پر اردو زبان کی ترقی و ترویج کےلیے تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔اور اکیڈیمی کی تمام اسکیمات پرشفافیت کے ساتھ عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔
خبر بشکریہ: سحرنیوز آن لائن نیوز پورٹل۔ بتاریخ: 21/جولائی 2022