ڈگری کالجز میں اردو میڈیم کی بحالی کی تجویز : اردو اکیڈیمی کی جانب سے حکومت کو روانہ
ڈگری کالجز میں اردو میڈیم کی بحالی کی تجویز حکومت کو روانہ
لکچررس، اساتذہ، اردو اسپیشل آفیسرس کی مخلوعہ جائیدادیں پر کرنے اردو اکیڈیمی کی رپورٹ
ریاست تلنگانہ کے ڈگری کالجز میں اردو میڈیم کورسز کی برخاستگی اور کالجز میں لکچررس کی مخلوعہ جائیدادوں کے علاوہ اسکولوں میں اردو اساتذہ اور اردو اسپیشل آفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے تفصیلی تجاویز محکمہ تعلیمات کو روانہ کر دی گئی ہیں۔
سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم آئی اے ایس نے مذکورہ بالا تجاویز کی مکمل تفصیلات وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو روانہ کر دی ہیں۔
ڈائرکٹر سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد غوث نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں اردو میڈیم ڈگری کورسز کی برخاستگی محکمہ کالجیٹ ایجوکیشن کی جانب سے کی گئی ہے۔ ان کورسز کو بحال کرنے کے علاوہ محکمہ اسکولی تعلیم اور محکمہ اعلی تعلیم میں اردو اساتذہ، لکچررس اور اردو اسپیشل آفیسرس کی مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے اردو اکیڈیمی نے تجاویز تیار کی ہیں۔
صدر نشین اردو اکیڈیمی جناب محمد رحیم الدین انصاری کی نگرانی میں ان تجاویز کو تیار کر کے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب شاہ نواز قاسم آئی پی ایس کے ذریعہ سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم آئی اے ایس کو روانہ کیا گیا ہے۔
جناب احمد ندیم نے اردو اکیڈیمی کی جانب سے اردو میڈیم ڈگری کالجس کی بحالی، اردو لکچررس اور اساتذہ کے تقررات سے متعلق مکمل تفصیلات وزیر تعلیم کے علاوہ محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو روانہ کر دی ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیمات کی جانب سے پیشرفت کا انتظار ہے۔
خبر بحوالہ: روزنامہ "اعتماد" بتاریخ: 22/جون 2021ء