تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی ویب سائٹ کا افتتاح
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی ویب سائٹ کا جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صاحب کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد
2۔ جون 2020 ء
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی ویب سائٹ
urduacademyts.com
کا جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے ہاتھوں آج صدر دفتر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی میں افتتاح عمل میں آیا۔
صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ویب سائٹ کی اہمیت اور افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ آج کے ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک دور میں جہاں فاصلوں کو سمیٹ دیا گیا، اور دفاتر کے دفاتر ایک چھوٹے سے چِپ میں سما گئے، اور پوسٹل سرویس کی جگہ انٹرنیٹ نے لے لی، ان حالات میں کسی بھی محکمہ یا ادارہ کی معلومات آسانی کیساتھ عوام الناس تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ویب سائٹ ہے۔ جس کے ذریعے دفتری معلومات، اسکیمات و پروگرامس کے بارے میں تمام تفصیلات حاصل ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح کسی ادارہ کے میگزین، ورقیے، اشتہارات، فارمس وغیرہ بھی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔
جناب ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری نے اپنی تقریر میں کہا کہ اردو اکیڈیمی کی یہ ویب سائٹ ان ساری سہولتوں سے مزین ہے، اس کے ذریعہ محبان اردو تمام اسکیمات کے علاوہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے شائع ہونے والے ادبی جریدے "قومی زبان" بھی پڑھ سکتے ہیں اور دیگر معلومات کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس ویب سائٹ کے ذریعہ عنقریب اردو اکیڈیمی کا آن لائن پروگرام "آؤ اردو سیکھیں" بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ بچوں کے رسالے "روشن ستارے" کی بھی دوبارہ اجرائی کی کوشش جاری ہے، جیسے ہی یہ رسالہ جاری ہوگا، اس کو بھی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔ صدر نشین اردو ا کیڈیمی نے محبان اردو سے اس ویب سائٹ سے استفادہ کی خواہش کی ہے۔
جناب ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر /سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی ویب سائٹ میں ادارہ کی تمام تفصیلات درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ کا فائدہ یہ ہے کہ اکیڈیمی کی اسکیمات کے تعلق سے درکار فارمس اور دیگر تفصیلات گھر بیٹھے بہت آسانی سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
اس موقع پر محبان اردو، اردو اکیڈیمی کے عہدیداران و اراکین عملہ بھی موجود تھے۔
خبر بشکریہ:
روزنامہ اعتماد (3/جون 2020)