اردو اکیڈیمی کی فروغ اردو کی (7) اسکیمات کی آن لائن درخواستوں کا اجرا
تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی اسکیمات کی آن لائن درخواستوں کے لنکس کی جناب کوپولہ ایشور عزت مآب وزیر برائے درج فہرست طبقات، اقلیتی بہبود، بہبودی معمرین و معزورین حکومت تلنگانہ کے ہاتھوں اجرائی
تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی فروغ اردو کی (7) اسکیمات کی آن لائن درخواستوں کے لنکس کی جناب کوپولہ ایشور عزت مآب وزیر برائے درج فہرست طبقات، اقلیتی بہبود، بہبودی معمرین و معزورین حکومت تلنگانہ کے ہاتھوں آج اجرائی عمل میں آئی ۔ اسکیمات کی تفصیل درج ذیل ہے:
- الیکٹرانک میڈیا کے رپورٹرس کو مالی اعانت برائے سال 2021-22
- اردو کے چھوٹے اخبارات کی مالی اعانت برائے سال 2021-22
- اردو مصنفین کی کتابوں کی اشاعت کے لئے جزوی مالی اعانت برائے سال 2020
- اردو کی مطبوعات پر انعامات برائے سال - 2019
- اردو کی مطبوعات پر انعامات برائے سال - 2020
- بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے سال - 2019
- بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ برائے سال - 2020
- اردو کی مجموعی خدمات پر 'کارنامہ حیات ایوارڈ' برائے سال - 2018
- اردو کی مجموعی خدمات پر 'کارنامہ حیات ایوارڈ' برائے سال - 2019
- اردو کی مجموعی خدمات پر 'کارنامہ حیات ایوارڈ' برائے سال - 2020
جناب کوپولہ ایشور عزت مآب وزیر اقلیتی بہبود نے اس موقع پرمنعقدہ تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اردو اکیڈیمی کے اس اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ یہ بڑی مسرت کی بات ہے کہ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی موجودہ ٹکنالوجی دور کے حساب سے اپنے پروگرامس کو مربوط کر رہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اکیڈیمی کی جاری اسکیمات کے لئے درخواستوں کی آن لائن اجرائی بھی اسی کوشش کا ایک حصہ ہے۔
ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر /سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی نے وزیر موصوف کو اردو اکیڈیمی کی جاری اسکیمات کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ اردو اکیڈیمی کی کوشش ہے کہ اس ادارے کو موجودہ سائنس اور ٹکنالوجی کے دور سے جوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات کے سلسلہ میں آن لائن درخواستوں کی اجرائی اسی کوشش کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈیمی کی جاری کردہ تمام سات اسکیمات کے علحدہ علحدہ لنکس تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کی ویب سائٹ www.urduacademyts.com پر دستیاب ہیں ۔
ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر /سکریٹری نے کہا کہ آن لائن درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 / جنوری2022 مقرر کی گئی ہے ۔ تمام اسکیمات کے لئے درخواست گذار اپنی اپنی متعلقہ لنکس کے ذریعہ درخواستیں آن لائن داخل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گذار اپنی آن لائن درخواستیں داخل کر کے 15 جنوری 2022 تک اس کی ہارڈ کاپی معہ تمام درکار دستاویزات کے صدر دفتر تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی ، چوتھی منزل، حج ہاؤز ، نامپلی، حیدرآباد میں بالمشافہ یا ذریعہ پوسٹ داخل کر سکتے ہیں۔
اس تقریب میں جناب پُلا راؤ، او یس ڈی دفتر وزیر اقلیتی بہبود، جناب وی کرشنا سپرنٹنڈنٹ، جناب عطا اللہ خان اکاؤنٹنٹ، جناب شیخ اسمعیل سینئر اسٹینو، محمد ارشد مبین زبیری، محمد جنید اللہ بیگ، رجب علی پاشا، اطہر خان، اسمعیل جاوید، محمد رفیع ، ایس ایم فصیح اللہ اسکالر و دیگر ارکان عملہ اور معززین موجود تھے۔