تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام قومی ویبنار کا کامیاب انعقاد
تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے "عصر حاضر میں اُردوزبان وادب کا فروغ ۔ مسائل وامکانات" پر ایک روزہ قومی وبینار آج 18/اگست صبح 11:30 بجے تا 2:30 بجے دن صدرنشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمدرحیم الدین انصاری کی صدارت میں منعقد ہوا۔
ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری نے اپنے صدارتی خطاب میں ویبنار کے انعقاد پر تمام شرکاء خصوص کر مقالہ نگاران کا خیرمقدم کیااور کہا کہ اردو زبان و ادب میں اس طرح کے آن لائن سمینار ایک نئی ابتداء ہے ، انہوں نے اپنے خطاب میں اس طرح کے پروگرامس کو جاری رکھنے کی خواہش کی ۔
ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر/سکریٹری نے اس وبینار کی نگرانی کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تلنگانہ اسٹیٹ اردواکیڈیمی کی جانب سے منعقدہ ویبنار میں شریک تمام محبان اردو کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ اس منفرد پروگرام کی ہر جگہ سے پذیرائی ہو رہی ہے اور ایسے وقت میں جب کہ ہم ایک وباء سے دوچار ہیں جس میں کوئی مجمع جمع نہیں کیا جا سکتا ، اس ویبنار کے ذریعہ گھر بیٹھے مقالہ نگاران کے مقالوں کے ذریعہ اردو زبان و ادب کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس ویبنار کے مقالہ نگاروں کی نگرانی پروفیسر مجید بیدار سابق صدر شعبہ اردو جامعہ عثمانیہ نے کی جب کہ مہمان اعزازی پروفیسر محمدمحمود صدیقی (انچارج رجسٹرار مانو) نے ایسے ویبنارس کی افادیت اور اردو زبان کی ترویج کے سلسلہ میں تفصیلی گفتگو کی۔ پروفیسر فضل اللہ مکرم نے کلیدی خطبہ دیا۔
ویبنار میں مختلف یونیورسٹیوں کے پروفیسرس، لیکچررس، اساتذہ ڈاکٹرمحمدناظم علی، ڈاکٹر گل رعنا ، ڈاکٹرمحمد ابرار الباقی ، ڈاکٹر محمداسلم فاروقی ، ڈاکٹرحمیرہ سعید ، ڈاکٹر سید وصی اللہ بختیاری عمری ، ڈاکٹر محمد عبدالقدوس، ڈاکٹر عبدالوحید ،ڈاکٹر عبدالعزیز سہیل، ڈاکٹرجہانگیر احساس ، ڈاکٹرسیدحبیب امام قادری اور ڈاکٹر عائشہ بیگم نے مقالہ جات پیش کئے۔
ڈاکٹرحمیرہ سعید نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ محمدارشد مبین زبیری نے منتظمین ، مہمانان،مقالہ نگاران اور ٹیکنیکی اسٹاف، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اور ناظرین کا شکریہ اداکیا۔ اس ویبنار کو ملک بھر اور بیرون ملک میں ہزاروں ناظرین نے دیکھا اور اپنی آراء پیش کیں۔
- تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے ویبنار کا بروشر - ڈاؤن لوڈ
- تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے ویبنار کی تصاویر
- اردو اکیڈیمی قومی ویبنار - ناظرین کے تاثرات