صدر دفتر تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی پر 74واں جشن یوم آزادی ہند

74 ویں یوم آزادی ہند کے موقع پر حج ہاؤز نامپلی، حیدرآباد میں واقع تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے دفتر پر ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدرنشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی نے پرچم کشائی انجام دی۔ پرچم کشائی کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب رحیم الدین انصاری نے کہا کہ:
ہمارے ملک کے عظیم مجاہدین ،علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں اور عوام نے اپنی جان و مال کی قربانیوں کے بعد 1947ء میں اس سرزمین ہند پر قابض انگریزوں کو نکال باہر کیا اور ہندو ستان کو آزادی دلائی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی کے لئے ہندومسلم سکھ عیسائی اور دیگر تمام طبقات نے مشترکہ جدوجہد کی۔
صدرنشین اردواکیڈیمی نے اپنی تقریر میں کہا کہ اس ملک کی آزادی کے ساتھ ہی یہاں بسنے والی ہر قوم اور مذہب کے ماننے والوں کو اپنے اپنے طریقوں کو اپنانے اور اپنی تہذیب ، تمدن اور زبان کی حفاظت کرنے کی بھی آزادی دی گئی۔انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کریں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی و یکجہتی کے جذبوں کے ساتھ اپنے ملک ، ریاست اور قوم کی ترقی کی کوششوں کو مزید تیز کریں۔
ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت تلنگانہ اقلیتوں کے مسائل کے حل اور اردو زبان کی ترقی و ترویج کے سلسلہ میں کافی سنجیدہ ہے ، حکومت نے اس ضمن میں ریاست میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا اور سرکاری دفاتر میں اردوآفیسرس کا تقرر کیا ہے۔انہوں نے عوام الناس خاص کر محبان اردو سے خواہش کی کہ وہ اپنے نونہالوں کو اردو زبان سکھائیں اور پڑھائیں۔ صدرنشین اردواکیڈیمی نے آج دنیا میں پھیلی کرونا وباء میں اپنی جانیں گنوانے والوں اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اورعوام کو اس وباء سے بچنے کی تمام تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔

ڈاکٹر محمد غوث ڈائرکٹر /سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 74 ویں یوم آزادی کی مبارک باد دی اور اردواکیڈیمی کی اسکیمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ:
اردواکیڈیمی کے زیر اہتمام گرائجویشن طلبا ء کے لئے اردو میں نصابی کتب کی اشاعت کا کام شروع کیا گیا ہے، اس کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی کے اشتراک سے اردو سر ٹیفکیٹ کورس، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے تعاون سے ٹرانسلیشن اور کیلی گرافی کو چھ ماہی کورس شروع کئے جارہے ہیں ۔
اسی طرح نئے دور کے تقاضوں کے تحت آن لائن اردو سیکھنے کا پروگرام، آن لائن کتب ،آن لائن سیمنارس و سمپوزیمس کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

تقریب پرچم کشائی میں سپرنٹنڈنٹ مسٹر وی کرشنا، عہدیداران و ارکان عملہ مسرس عطااللہ خان، ڈاکٹر محمد احتشام الدین خرم، محمد ارشد مبین زبیری، احمد بن اسحاق، محمد جنید اللہ بیگ،رجب علی پاشاہ،اطہر خان، انور علی خان،عبدالذاکر، یوسف خان، اختر حسین ، محمد رفیع،حیدرولی پاشاہ، محمد فضل الرحمن، محمد ابراہیم، سید عبد الرحیم، محمد معین خان، سید سجاد ودیگراصحاب موجود تھے۔

تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کو لائک/فالو/شئر کیجیے: