اردو زبان و ادب کا تحفظ و ترویج :
اس اسکیم کے تحت تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی فروغ اردو کے کئی کاموں کو انجام دے رہی ہے۔ جن میں مختلف ایوارڈز، اردو شعراء و ادباء کی کتابوں کی اشاعت کے لئے جزوی مالی اعانت، اردو کتب خانوں کی اعانت، اردو اخبارات، رسائل و جرائد کی مالی اعانت، اردو خبر رساں اداروں کی مالی اعانت، اردو قلم کاروں اور صحافیوں کی اعانت، مطبوعہ کتابوں پر انعامات اور اردو اکیڈیمی کے ترجمان ماہنامہ قومی زبان کی اشاعت شامل ہیں۔
ماہنامہ قومی زبان کی اشاعت: [تفصیل اس ربط پر]
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی اپنا ایک ترجمان ماہنامہ "قومی زبان" جاری کرتی ہے جس میں اردو شعراء و ادباء، قلم کاروں اور اسکالرس کی تخلیقات شائع کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ اس رسالے کے ذریعہ اردو اکیڈیمی کی مختلف سرگرمیوں کو بھی پیش کیا جاتا ہے۔ گذشتہ برسوں کے دوران اس رسالے نے قومی سطح پر اپنے معیار، طباعت اور تزئین کے اعتبار سے ملک کے معیاری رسالوں میں ممتاز مقام حاصل کیا ہے۔
1) مولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ: [تفصیل اس ربط پر]
تلنگانہ اسٹیٹ ا ردو اکیڈیمی کی جانب سے ہرسال نامور قومی، سماجی، ادبی شخصیات، اسکالرس اور زبان و ادب کی ممتاز ہستیوں میں سے ایک شخصیت کومولانا ابوالکلام آزاد ایوارڈ دیا جاتا ہے۔یہ قومی ایوارڈ ہے جو 2,25,000/- روپئے (دو لاکھ پچیس ہزارروپئے) نقد، توصیف نامہ اور میمنٹو پر مشتَمل ہے۔ایوارڈکے لئے شخصیت کا انتخاب اکیڈیمی کی جانب سے تشکیل کردہ ماہرین پرمشتمل کمیٹی کے ذریعہ کیا جاتاہے۔
2) مخدوم ایوارڈ: [تفصیل اس ربط پر]
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ہر سال ریاست تلنگانہ کے اردو ادیبوں، شاعروں، صحافیوں اور اردو کے فروغ و ترقی کے لئے کام کرنے والی شخصیات میں سے ایک شخصیت کو ریاست کے نامور انقلابی شاعر مخدوم محی الدین کے نام سے ایک ایوارڈ عطا کرتی ہے، جو 2,00,000 روپیے (دو لاکھ روپئے)، توصیف نامہ اور میمنٹو پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایوارڈ کے لئے، شخصیت کے انتخاب کے سلسلہ میں ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے۔
3) کارنامۂ حیات ایوارڈ (مجموعی خدمات پر انعامات) : [تفصیل اس ربط پر]
ادیبوں اسکالروں، شاعروں،صحافیوں اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے سلسلہ میں کام کرنے والے اصحاب کی خدمات کو خراج پیش کرنے تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے مختلف زمروں میں سات ایوارڈ دئیے جاتے ہیں جو حسب ذیل ہیں:
1۔ شاعری : حضرت امجد حیدرآبادی ایوارڈ
2۔ شاعری : سعید شہیدی ایوارڈ
3۔ نثر: آغا حیدرحسن ایوارڈ
4۔ تنقید وتحقیق: ڈاکٹر محی الدین قادری زور ایوارڈ
5۔ تعلیم و تدریس: پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ
6۔ فروغ اردو : سری نواس لاہوٹی ایوارڈ
7۔ صحافت: محبوب حسین جگر ایوارڈ
ان ایوارڈز کے لئے شخصیات کے انتخاب کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جو اردو اسکالرس، ادیبوں، شعراء اور فروغ اردو کے سلسلہ میں کام کرنے والے نامور اصحاب پر مشتَمل ہوتی ہے۔ مذکورہ کمیٹی متفقہ طور پرایوارڈز کے لئے شخصیات کا انتخاب کرتی ہے۔ مذکورہ ایوارڈ فی کس 50,000 روپئے (پچاس ہزار روپے) اور توصیف نامہ پر مشتَمل ہے۔
4) بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ: [تفصیل اس ربط پر]
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ہر سال سرکاری مدارس، کالجس و جامعات کے اردو اساتذہ کی تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی پر "بیسٹ اردو ٹیچر ایوارڈ" عطا کیا جاتا ہے۔ قواعد کے مطابق پانچ (5) سال کی مدت ملازمت پوری کرنے والے اساتذہ درخواست دینے کے اہل ہوتے ہیں۔ ایوارڈز کے لئے شخصیات کا انتخاب اکیڈیمی کی جانب سے تشکیل کردہ ماہرین پر مشتمل کمیٹی کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔
5) بیسٹ اردو اسٹوڈنٹ ایوارڈ: [تفصیل اس ربط پر]
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ہر سال سرکاری مدارس کے دسویں جماعت کے کامیاب اردو میڈیم طلباء و طالبات کی تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی پر "بیسٹ اردو اسٹوڈنٹ ایوارڈ" عطا کیا جاتا ہے۔ اس سلسلہ میں کمشنر گورنمنٹ ایگزامنیش سے امتیازی درجہ میں کامیاب اردو میڈیم طلباء کی تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں۔
6) اردو کی شائع شدہ مطبوعات پر انعامات: [تفصیل اس ربط پر]
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ہرسال شاعروں ادیبوں مصنفین اور تخلیق کاروں کی مطبوعات پرانعامات عطاکئے جاتے ہیں۔مطبوعات پر انعامات کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے، جو مطبوعات کے معیار کا جائزہ لیتی ہے اور ان کو انعامات کے لئے منتخب کرتی ہے۔
7) اردو سے متعلق جاری اسکیمات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا:
اس اسکیم کے ذریعہ اردو کے چھوٹے اخبارات کو اشتہارات دئے جاتے ہیں۔
8) اردو خبر رساں اداروں کو مالی امداد:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ریاست کے اردو خبررساں اداروں کی بھی مالی اعانت کرتی ہے۔
9) اردو ادیبوں، اسکالروں اور شعراء کی تخلیقات کی اشاعت کے لئے جزوی مالی اعانت:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی اردو ادیبوں شاعروں اور تخلیق کاروں کی تخلیقات کی اشاعت کے لئے ہر سال جزوی مالی اعانت کرتی ہے۔ درخواستیں و مسودات داخل کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ ایک ما ہ کا وقت دیا جاتا ہے۔ جزوی مالی اعانت کے لئے مسودات کے انتخاب کے سلسلہ میں ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے۔
10) اردو لائبریریوں کو کتابوں کی فراہمی:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ریاست میں رضاکارانہ تنظیموں، انجمنوں اور اردو اداروں کی جانب سے قائم اردو لائبریریوں کو بشکل کتب امداد فراہم کرتی ہے۔
11) اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام اردو مشاعرے، سمینارس، سمپوزیمس، تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس:
تلنگانہ اسٹیٹ اردوا کیڈیمی کے زیر اہتمام ریاست بھر میں اردو مشاعرے، سمینارس، سمپوزیمس،تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس منعقد کئے جاتے ہیں۔
12) اردو مشاعرے، سمینارس،سمپوزیمس، تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس کے لئے مالی اعانت:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی اردو کی رضاکارانہ تنظیموں، انجمنوں اور اداروں کی جانب سے ریاست میں منعقد ہونے والے اردو مشاعروں، سیمنارس اور سمپوزیمس، تہذیبی اور ثقافتی پروگرامس کے لئے مالی اعانت جاری کرتی ہے۔
13) سرکاری اردو مدارِس کو انفراسٹرکچر کے لئے مالی اعانت:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام ریاست کے سرکاری اور امدادی (Aided) اردو میڈیم مدارس کو انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے مالی اعانت کی جاتی ہے۔ اس خصوص میں مالی اعانت کے حصول کے لئے درخواست گذاروں کو اردو اکیڈیمی سے جاری کردہ فارم کی خانہ پری کے بعد متعلقہ D.E.O سے تصدیق کروانا ضروری ہے۔ انفراسٹرکچر کے لئے درخواستوں کی تنقیح و جانچ کے بعد سرکاری و امدادی ہائی اسکول، اپر پرائمری و پرائمری اسکول کو مبلغ 50,000 روپیے (پچاس ہزار روپیے) منظور کئے جاتے ہیں۔
14) اردو میڈیم کی نصابی کتابوں کی اشاعت:
حکومت نے سال-2013 2012ء سے تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کو انٹرمیڈیٹ اردو میڈیم کی کتابوں کی اشاعت کی ذمہ داری دی ہے۔ انٹرمیڈیٹ کے نصاب میں تبدیلی کے بعد سال دوم کی کتابوں کی اشاعت عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح گرائجویشن کی حصہ اول و دوم کی کتابوں کی بھی اشاعت عمل میں لائی جاچکی ہے۔
15) اردوگھر شادی خانوں کی تعمیر:
محکمہ اقلیتی بہبود ریاست بھر میں اردو گھر شادی خانوں کی تعمیر کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے ذریعہ ضلع کلکٹرس کو رقوم روانہ کرتا ہے۔ ان شادی خانوں کی تعمیر ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں انجام دی جاتی ہے۔ ان اردو گھر شادی خانوں کو مختلف اردو تہذیبی پروگراموں، مشاعروں، سیمناروں اور اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادیوں کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔
16) اردو رسائل و جرائد کی مالی اعانت:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ریاست کے اردو رسائل و جرائد کی مالی اعانت کرتی ہے۔
17) گرمائی تعطیلات میں اردو پڑھانے اور سکھانے کے لئے رضاکارانہ تنظیموں اور اداروں کی مالی اعانت
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ریاست میں گرمائی تعطیلات میں اردو پڑھانے اور سکھانے کے کیمپس کے لئے اردو رضاکارانہ تنظیموں اور اداروں کی مالی اعانت کرتی ہے۔
18) اردو الیکٹرانک میڈیا جرنلسٹس کی مالی اعانت:
تلنگانہ اسٹیٹ اردوا کیڈیمی کی جانب سے اردو الیکٹرانک میڈیاجرنلسٹوں کی بھی مالی اعانت کی جاتی ہے۔
19) اردو کتابوں کی اشاعت: [تفصیل اس ربط پر]
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام نامور اردو ادیبوں اور شعراء کی کتابوں کی اشاعت بھی کی جاتی ہے۔
20) جشن تلنگانہ کی تقاریب:
جشن تلنگانہ کی تقاریب: ہر سال 2جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کی شاندار تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ایک کل ہند ادبی مشاعرہ، کل ہند مزاحیہ مشاعرہ، شامِ غزل اور قوالی پروگرام کا اہتمام کیا کرتی ہے۔
21) چھوٹے اردو اخبارات کی مالی اعانت، قومی اردو اخبارات و اردو چیانلس کو اشتہارات کی اجرائی:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی ریاست بھر میں شائع ہونے والے اردو کے چھوٹے اخبارات کی مالی اعانت کرتی ہے۔ اس کے علاوہ قومی اردواخبارات و اردو چیانلس کو اشتہارات بھی جاری کئے جاتے ہیں۔
22) اردو اکیڈیمی کے جز وقتی بُک اسٹالس:
کل ہند صنعتی نمائش حیدرآباد اور ملک و ریاست میں منعقد ہونے والے کتاب میلوں میں تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے بُک اسٹالس بھی لگائے جاتے ہیں۔
23) اردوکیلنڈرس، ڈائری اور بروچرس کی اشاعت:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے زیراہتمام ہر سال اردو کیلنڈرس، اردو ڈائری اور وقتاً فوقتاً بروچرس کی اشاعت بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔
24) اردو قلم کاروں اور صحافیوں کی مالی اعانت:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے اردو قلم کاروں اور صحافیوں کی مالی اعانت کی جاتی ہے۔
25) اردو مسکن خلوت، موتی گلی، حیدرآباد: [تفصیل اس ربط پر]
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام موتی گلی حیدرآباد میں "اردو مسکن" تعمیر کیا گیا ہے۔ اس میں تمام سہولتوں سے آراستہ سنٹرل لائبریری اور ریسرچ سنٹر ہے جس سے ریسرچ اسکالرس استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 425 سیٹوں پر مشتمل "سالارِملت آڈیٹوریم" اور نچلی منزل میں 200 سیٹوں پر مشتمل ایرکنڈیشنڈ "خواجہ شوق ہال" قائم ہے۔ ان ہالوں کو مختلف ادبی، سماجی، تہذیبی، ثقافتی اور دیگر پروگراموں کے لئے رعایتی کرایہ پر دیا جاتا ہے۔ اردو مسکن اپنی تعمیر کے چھ (6) سال مکمل کر چکا ہے اور اس میں موجود آڈیٹوریمس میں 1200 سے زائد پروگرام منعقد ہو چکے ہیں۔
26) تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی ویب سائٹ:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی ویب سائٹ بھی تیار ہو چکی ہے۔ جس کا پتا (یو۔آر۔ایل) یہ ہے:
https://www.urduacademyts.com
اس ویب سائٹ پر اردو اکیڈیمی کی تمام اسکیمات، پروگرامس، تصاویر کے علاوہ اردو اکیڈیمی کا ترجمان "ماہنامہ قومی زبان" بھی پابندی سے اَپ لوڈ کیا جائے گا۔
27) عثمانیہ یونیورسٹی کے اشتراک سے اردو سکھانے سرٹیفکیٹ کورس:
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے انگریزی اور تلگو میڈیم سے تعلق رکھنے والوں کو اردو زبان سکھانے کے لیے عثمانیہ یونیورسٹی کے اشتراک سے سرٹیفیکٹ کورس شروع کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں عثمانیہ یونیورسٹی کے متعلقہ شعبہ کے ذمہ داروں سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ اس خصوص میں کورس کی تیاری کا کام بھی جاری ہے۔